علی پورچٹھہ سے لاپتہ 14سالہ طالبہ دولت نگر سے بازیاب
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر) پانچ روز قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہونیوالی 14سالہ طالبہ کو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ضلع گجرات کے علاقے دولت نگر سے بحفاظت بازیاب کر لیا، جبکہ ایک ملزم کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے ۔
طالبہ گھر سے سکول جانے کے لیے نکلی تھی لیکن واپس نہ آئی، جس پر اہل خانہ نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کی۔تفتیشی افسر سب انسپکٹر محمد عمران نے جدید ٹیکنالوجی اور موبائل ڈیٹا کی مدد سے سراغ لگایا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے طالبہ کو بازیاب اور ملزم آصف ملک کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس کامیاب کارروائی پر شہری و سماجی حلقوں نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے ۔