وزیرآباد:بجلی کی طویل بندش ، کاروباری سر گرمیاں متاثر

 وزیرآباد:بجلی کی طویل بندش ، کاروباری سر گرمیاں متاثر

دن بھر غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شدید گرمی میں شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا

وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )غیر اعلانیہ بجلی کی طویل بندش نے کاروباری سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کر دیا۔ بازاروں، دکانوں اور چھوٹے کاروباروں میں بجلی نہ ہونے کے باعث کام ٹھپ ہو کر رہ گیا جبکہ تاجر برادری کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔متاثرہ تاجروں کا کہنا ہے کہ بار بار اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث نہ صرف کاروباری معاملات متاثر ہو رہے ہیں بلکہ صارفین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ بجلی کی دن بھر جاری رہنے والی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شدید گرمی میں شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا۔

مختلف علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش کے باعث گھریلو، تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سخت گرمی اور حبس کے موسم میں بجلی کی بار بار بندش سے بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور گیپکو کے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر ختم کیا جائے اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں