لسی پینے سے ایک ہی خاندان کے 4افراد کی طبیعت خراب
پہاڑ پور لنک کوٹ مراد میں ریسکیوکی کی کارروائی ،متاثرین ہسپتال منتقل
اٹھارہ ہزاری،جھنگ (نمائندہ دنیا،ڈسٹرکٹ رپورٹر)نواحی علاقے پہاڑ پور لنک کوٹ مراد میں دودھ سے تیار کی گئی لسی پینے کے بعد ایک ہی خاندان کے چار افراد کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔ متاثرہ افراد بے ہوش ہو گئے ، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق کنٹرول روم کو اطلاع ملی کہ ایک گھر کے چار افراد لسی پینے کے بعد بے ہوش ہو گئے ہیں، جس پر دو ایمبولینسز فوری طور پر موقع پر روانہ کی گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر متاثرین کو ابتدائی طبی امداد دی اور بعد ازاں انہیں ٹی ایچ کیو ہسپتال 18 ہزاری منتقل کر دیا۔متاثرہ افراد میں 50 سالہ غلام عباس، 17 سالہ علیشہ مائی، 18 سالہ منیش علی اور 20 سالہ حسن عباس شامل ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق بروقت کارروائی کے باعث متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔