اینٹی کرپشن کا چھاپہ، محکمہ صحت کا ملازم رشوت لیتے گرفتار
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)اینٹی کرپشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے محکمہ صحت کے رشوت لینے والے ملازم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ محکمہ صحت فیصل آباد کے بعض افسران بھاری نذرانے لے کر غیر قانونی کلینک چلانے کی اجازت دے رہے ہیں اور اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر آفس کا نائب قاصد احسن ندیم رشوت اکٹھی کرنے پر مامور ہے ۔ درخواست کے مطابق احسن ندیم پہلے ہی 45 ہزار روپے رشوت وصول کر چکا تھا اور مزید 25ہزار روپے طلب کر رہا تھا۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے سول جج کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے اسے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا اور رشوت کی رقم بھی برآمد کر لی۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔