احمد نگر چٹھہ :رات بھر بجلی بند ، گیپکو کا عملہ غائب
صارفین بند دفتر کے چکر لگاتے رہے ،فون پر بھی کسی افسر نے مسئلہ نہ سنا
احمد نگر چٹھہ(نمائندہ دنیا )ساری رات بجلی بند ہونے پر شہریوں کے رات گئے بند دفتر کے درجنوں چکر، گیپکو دفتر پر 2 بجے کے بعد تالے ،نائٹ عملہ کی عدم موجودگی پر صارفین سراپا احتجاج بن گئے ۔ صارفین نے الزام عائد کیا ہے کہ سب ڈویژن احمد نگر کا عملہ دن دو بجے دفتر کو چوکیدار کے حوالے کرنے کے بعد گھروں کو لوٹ جاتا ہے جبکہ 2 بجے کے بعد بجلی بند ہونے کی صورت میں ایمرجنسی سٹاف نہ ہونے سے ساری بجلی بند رہنا معمول بن چکا ہے ، محلہ بڑا گلہ کے رہائشیوں نے احتجاج کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا رات گئے بجلی کا ایک فیز خراب ہونے کی صورت میں پوری رات آفس کے چکر لگاتے رہے جہاں بیرونی دروازے کو بند کر کے چوکیدار ایس ڈی او احمد نگر اور عملہ سے فون پر شکایات کا کہہ دیتا ہے ، صبح تک کسی اہلکار نے فون نہیں سنا ، شدید گرمی میں درجنوں گھر بجلی بند ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار رہے متاثرین محلہ بڑا گلہ نے چیف گیپکو سے نائٹ شفٹ کے عملے کی لاپروا ئی اور ڈیوٹی سے غیر حاضری پر نوٹس لیتے ہوئے رات کو عملے کی موجودگی کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔