حضرت عمر فاروقؓ کی سیرت خدمتِ خلق کا بہترین نمونہ :مقررین
’’معظمت و شانِ عمر فاروقؓ سیمینار‘‘ سے پیر آصف رضا قادری اوردیگرکاخطاب
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)سیدنا حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شہادت حق، عدل اور استقامت کی خاطر دی جانے والی عظیم قربانیوں کی یاد تازہ کرتی ہے ۔ آپؓ نے اپنے دورِ خلافت میں انصاف، دیانت اور فلاحِ عامہ کی ایسی مثالیں قائم کیں جو تاقیامت یاد رکھی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی کوآرڈینیٹر (پولیٹیکل ونگ) اور ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے سیدنا حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے یومِ شہادت کے موقع پر منعقدہ ‘‘عظمت و شانِ عمر فاروقؓ سیمینار’’ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یکم محرم ہمیں اس عظیم ہستی کی یاد دلاتا ہے جس کے دورِ خلافت میں مظلوم کو انصاف اور کمزور کو تحفظ میسر تھا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ کی سیرت حکمرانوں، قائدین اور عام مسلمانوں کیلئے دیانت، ذمہ داری اور خدمتِ خلق کا بہترین نمونہ ہے ۔ تقریب کے اختتام پر ملکی ترقی، سلامتی، استحکام اور محرم الحرام میں قیامِ امن کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر مولانا عظمت مصطفی، خرم شہزاد معصومی، بابا جی خوشی محمد اور حیدر علی نے بھی خطاب کیا۔