مظفرگڑھ کے علاقوں میں فلڈ انتظامات بہتر کرنے کا حکم
حفاظتی بندوں اور ریلیف اقدامات کی نگرانی تیز کی جائے ،ڈی سی کا دورہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے دریاؤں میں پانی کی صورتحال اور مون سون بارشوں کے پیش نظر مختلف حساس علاقوں کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے سنکی، خانگڑھ، روہیلاوالی اور شہر سلطان کے علاقوں میں فلڈ انتظامات، حفاظتی بندوں، ریلیف کیمپس، ممکنہ انخلا کے مقامات اور متعلقہ اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر محکمہ آبپاشی، ریسکیو1122، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے انہیں بریفنگ دی۔عثمان طاہر جپہ نے ہدایت کی کہ دریاؤں میں پانی کی صورتحال کی چوبیس گھنٹے نگرانی یقینی بنائی جائے اور تمام ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل الرٹ رہیں۔ انہوں نے حفاظتی بندوں کی مسلسل نگرانی، مشینری، ریسکیو آلات، طبی سہولیات، صاف پانی، خوراک اور مویشیوں کے تحفظ کے انتظامات مکمل رکھنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور تمام متعلقہ محکمے فیلڈ میں موجود ہیں۔ مون سون بارشوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں، دریاؤں، نہروں اور سیلابی ریلوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور بچوں کو پانی کے قریب نہ جانے دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments