مجالس ‘جلوسوں کو فول پروف سکیو رٹی دینگے :شاہداقبال

مجالس ‘جلوسوں کو فول پروف سکیو رٹی دینگے :شاہداقبال

محرم الحرام میں اشتعال انگیزی برداشت نہیں کی جائےگی:اے سی ملکوال

ملکوال(نمائندہ دنیا )ماہ محرم الحرام کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر آفس ملکوال میں تحصیل امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، صدارت اسسٹنٹ کمشنر شاہد اقبال نے کی۔تفصیلات کے مطابق اجلاس میں ڈی ایس پی ذوالفقار احمد چٹھہ، سنی علما کونسل پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل راؤ اشرف جاوید حسینی، علامہ اشرف چشتی، پریس کلب کے صدر رانا سلیم بوسال، شیعہ علما کونسل کے صدر چودھری اسد ، کاظم شاہ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عدنان ملک، ریسکیو 1122، گیپکو کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شاہد اقبال اور ڈی ایس پی ذوالفقار احمد چٹھہ نے شرکا سے کہا کہ ماہ محرم الحرام میں امن و امان کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے مجالس اور جلوسوں کیلئے فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ جلوس کے راستوں پر صفائی کے انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علما مذہبی ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رواداری کا مظاہرہ کریں ،محرم الحرام میں کسی قسم کی اشتعال انگیزی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ اجلاس میں شریک شیعہ اور اہلسنت والجماعت کے علما اور نمائندوں نے انتظامیہ کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں