کاروباری مراکز بچانے کیلئے ٹرانزٹ منصوبہ کی لاگت بڑھ گئی
مصطفی کالونی سے تھیڑی سانسی تک 9انڈر پاس تعمیر ہوں گے :ڈائریکٹر زاہد سعید
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)حکومت پنجاب کی جانب سے جدید ترین سفری سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے جس کی تکمیل کی حتمی تاریخ 31 مارچ 2027 مقرر کی گئی ہے ،مقامی تاجروں کے مفادات اور کاروباری مراکز کو بچانے کیلئے منصوبے کے ڈیزائن میں کی جانے والی حالیہ تبدیلیوں کے باعث لاگت میں اضافہ ہواہے ۔ان خیالات کا اظہار پراجیکٹ ڈائریکٹر کیپٹن (ر)زاہد سعید نے منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ جدید شہری ٹرانسپورٹ کی جانب تاریخی پیش رفت ثابت ہوگا۔31.5 کلومیٹر طویل خصوصی کوریڈور پر 25 جدید سٹیشنز تعمیر کئے جائیں گے جن میں سے 23 سڑک کے اوپر اور 2 انڈر گراؤنڈ ہوں گے ،شہر میں سڑکوں پر 36 الیکٹرک بسیں اور 4 ٹائر بیسڈ ٹرامز چلائی جائیں گی جن کی دیکھ بھال کیلئے 2 اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈپوز قائم کئے جا رہے ہیں،وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر شہری حدود میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے مزید 6 انڈر پاسز شامل کئے گئے ہیں جس کے بعد انڈر پاسز کی کل تعداد 10 ہو جائے گی، مصطفی کالونی سے تھیڑی سانسی تک 9 انڈر پاس تعمیر ہوں گے ، اس کے علاوہ 2.4 کلومیٹر طویل زیرِ زمین ٹنل بھی اس منصوبے کا حصہ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت شہری علاقے میں دونوں اطراف 13 کلومیٹر طویل نئی سروس روڈ جبکہ جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف پہلے سے موجود 22 کلومیٹر سروس روڈ کو بھی نئے سرے سے تعمیر کیا جائے گا۔کیپٹن (ر)زاہد سعید کا کہنا تھا کہ اندرون شہر کاروباری مراکز کے 350 میٹر کے علاقے میں عمارتیں سڑک کے بالکل قریب ہونے کی وجہ سے شدید مسائل کا سامنا تھا، تاجروں کے روزگار اور کاروباری مراکز کو مسمار ہونے سے بچانے کیلئے کوریڈور کی چوڑائی کو 30 فٹ سے کم کر کے 26 فٹ کر دیا گیا۔