گجرات:ایل پی جی مہنگے داموں فروخت ، صارفین کو مشکل
قیمتوں میں مسلسل اضافے نے رکشہ ڈرائیورز کو بھی مشکلات سے دوچار کر دیا
گجرات (نامہ نگار )حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 308 روپے فی کلو مقرر کئے جانے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں صارفین کو مہنگے داموں گیس فروخت کئے جانے کا سلسلہ جاری ہے جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ شہریوں کے مطابق مختلف علاقوں میں دکاندار ایل پی جی 480 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں جبکہ قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر 10سے 20روپے تک اضافہ بھی دیکھنے میں آ رہا ہے ۔عوام کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور من مانے نرخوں نے گھریلو صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ، خاص طور پر وہ خاندان جو کھانا پکانے اور دیگر گھریلو ضروریات کیلئے ایل پی جی استعمال کرتے ہیں، شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں ۔دوسری جانب ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے رکشہ ڈرائیورز کو بھی مشکلات سے دوچار کر دیا ۔ ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ ایندھن کے اخراجات میں اضافے سے ان کی آمدن بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور روزگار چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے ۔