ریسکیو 1122 کا عاشورہ محرم کیلئے پلان جاری، 600 ایلکار ڈیوٹی پر تعینات
9 اور 10محرم کیلئے کوڈ ریڈ نافذ ،ریسکیورز جدید آلات سے لیس ایمبولینسز ، فائر وہیکلز کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دیں گے ، 35گاڑیاں، 18فائر وہیکلز ،90موٹربائیکس ڈیوٹی پر مامور
ملتان (کرائم رپورٹر)ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ملتان ڈاکٹر حسین میاں نے ہیڈکوارٹر چوک کمہارانوالہ میں محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع ملتان، تحصیل شجاع آباد اور جلال پور پیر والا میں بڑی امام بارگاہوں پر ہونے والی مجالس اور ماتمی جلوسوں کے دوران عزاداروں کو فوری ابتدائی طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ڈاکٹر حسین میاں نے 9 اور 10 محرم کے لئے کوڈ ریڈ نافذ کرنے کا حکم دیتے ہوئے تمام ریسکیورز کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے 600 سے زائد ریسکیورز جدید آلات سے لیس ایمبولینسز اور فائر وہیکلز کے ساتھ ڈیوٹی انجام دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران 35 ایمبولینسز، 18 فائر وہیکلز اور 90 موٹر بائیک ایمبولینسز ماتمی جلوسوں کے ساتھ موجود رہیں گی جبکہ مختلف مقامات پر موبائل ایمرجنسی پوسٹس بھی قائم کی جائیں گی۔ریسکیو حکام کے مطابق کنٹرول روم 24/7 فعال ہے اور یوم عاشور کے دوران بھی ہر ایمرجنسی کال پر فوری رسپانس یقینی بنایا جائے گا۔ تمام انتظامات کی نگرانی سینئر افسر کریں گے تاکہ عزاداروں کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے ۔ریسکیو حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عاشورہ محرم الحرام کے دوران ریسکیو عملے سے مکمل تعاون کیا جائے اور کسی بھی مشکل کی صورت میں رابطہ کیا جائے ۔