ریجنل پولیس آفیسر سے شیعہ علما کو نسل کے وفد کی ملاقات

ریجنل پولیس آفیسر سے شیعہ علما کو نسل کے وفد کی ملاقات

ریجن بھر میں امن، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر خرم شہزاد حیدر وڑائچ سے صوبائی صدر شیعہ علما کونسل پاکستان شمالی پنجاب سید اشتیاق حسین کاظمی اورسید عمران حیدر بخاری ڈپٹی سیکرٹری شمالی پنجاب کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، سکیورٹی انتظامات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں مرید کاظم جعفری، اعجاز حسین نقوی ایڈووکیٹ، سید حسن عسکری زیدی، حاجی منظر عباس غوری، ڈاکٹر خاور الحسن، سید خاور بخاری، ملک ضمیر حسین اور سید خاور عباس ایڈووکیٹ شامل تھے ،آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے وفد کو محرم الحرام کے موقع پر ریجن بھر میں کیے گئے سکیورٹی اقدامات، جلوسوں اور مجالس کے فول پروف سکیورٹی پلان، حساس مقامات کی نگرانی، سرچ، سویپ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز سمیت دیگر حفاظتی انتظامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریجن پولیس کا اولین مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، مذہبی ہم آہنگی کا فروغ اور محرم الحرام کے دوران پرامن ماحول کو ہر صورت یقینی بنانا ہے ۔ وفد نے یقین دہانی کروائی کہ علما کرام، ذاکرین، منتظمین اور عوام کے ساتھ مل کر ریجن بھر میں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں