ساتویں محرم کیلئے ٹریفک ڈائیورشن پلان جاری
ملتان (کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس ملتان نے 07 محرم الحرام کے جلوس کے سلسلے میں ٹریفک ڈائیورشن پلان جاری کر دیا ہے ۔
پلان کے مطابق مختلف اہم شاہراہیں اور چوک مخصوص اوقات میں ٹریفک کے لیے بند رہیں گے جبکہ شہریوں کے لیے متبادل روٹس بھی مقرر کیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق نواب پور روڈ، صدیقیہ روڈ اور جلال مسجد چوک دن کے اوقات میں ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہیں گے ۔ نواب پور روڈ کی ٹریفک بوسن روڈ کو متبادل راستے کے طور پر استعمال کرے گی۔
رات کے اوقات میں دولت گیٹ، علی چوک اور باوا صفرا روڈ بھی بند رہیں گے ۔ چوک قذافی سے معصوم شاہ روڈ کی طرف جانے والی ٹریفک گلستان چوک سے جامع ثقلین اور خانیوال روڈ کے راستے متبادل روٹ استعمال کرے گی، جبکہ گھنٹہ گھر چوک سے معصوم شاہ روڈ جانے والے شہری چونگی نمبر 9 اور خانیوال روڈ سے گزریں گے ۔صدر بازار کینٹ بھی جلوس کے دوران رات کے اوقات میں بند رہے گا، جس کے لیے ایمپیریل چوک، شنگریلا چوک اور کینٹ چوک کو متبادل راستے کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ اسی طرح وہاڑی روڈ نیو شاہ شمس کالونی سے لکڑ منڈی چوک تک شام 6 بجے سے رات 11 بجے تک ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔