ایم این ایس انجینئرنگ یونیورسٹی کی عالمی اے آئی کانفرنس
ملتان (خصوصی رپورٹر)محمد نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان کے زیر اہتمام سمر کیمپ میں اپلائیڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی
جس میں ماہرین تعلیم، محققین، صنعت کے نمائندوں اور فیکلٹی ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر توصیف ایزد نے تعلیم، صنعت اور تحقیق کے مستقبل کی تشکیل میں مصنوعی ذہانت کے اہم اور تبدیلی لانے والے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی پر مبنی حلوں کے ذریعے حقیقی دنیا کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدت، بین الضابطہ تعاون اور صنعت و تعلیمی شراکت داری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کا شعبہ تیزی سے دنیا کو تبدیل کر رہا ہے اور یہ ٹیکنالوجی صحت، تعلیم، صنعت اور کاروبار سمیت ہر شعبے میں انقلاب برپا کر رہی ہے ۔
ان کے مطابق یہ پلیٹ فارم محققین اور طلبہ کے لیے علم کے تبادلے ، تحقیق کے فروغ اور نیٹ ورکنگ کا اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عاصم عمر نے کہا کہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی مصنوعی ذہانت اور تکنیکی ترقی کی نمائش منعقد کی گئی ہے جس میں سرکاری اور نجی جامعات کے جدت پر مبنی ماڈلز اور پراجیکٹس پیش کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کو تجارتی بنیادوں پر آگے بڑھانے کے لیے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے ۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ اس نمائش سے ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا اور یہ اقدام ٹیکنالوجی کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بہترین پراجیکٹس کو پیٹنٹ کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو فکری ملکیت کا تحفظ اور رائلٹی حاصل ہو سکے جبکہ اسپانسرشپ کے ذریعے ان منصوبوں کی تجارتی پیداوار اور مارکیٹ تک رسائی ممکن بنائی جائے گی۔ آخر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔