علی پورچٹھہ:نالوں کی عدم صفائی ، بارش سے شہر زیرآب

علی پورچٹھہ:نالوں کی عدم صفائی ، بارش سے شہر زیرآب

بازار، سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، شہریوں کا احتجاج

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )بارش نے میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کا پول کھول دیا ، سیم نالوں کی عدم صفائی سے شہر زیر آب آ گیا ، شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد شہر کے متعدد بازار، سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ نکاسیٔ آب کا نظام مفلوج ہونے کے باعث بارش کا پانی گھنٹوں جمع رہا جس سے شہریوں، تاجروں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی نشیبی علاقوں میں گھروں کے اندر بھی پانی داخل ہو گیا جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد گھروں میں محصور ہو کر رہ گئی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر تمام بلدیاتی اداروں کو سیم نالوں اور سیوریج لائنوں کی بروقت صفائی کے احکامات جاری کیے تھے تاہم میونسپل کمیٹی علی پورچٹھہ نے ان ہدایات پر سنجیدگی سے عمل درآمد نہیں کیا جس کے با عث بند نالیاں اور گندے نالے بارش کا پانی نکالنے میں ناکام رہے اور پورا شہر مشکلات کا شکار ہو گیا۔ متاثرہ شہریوں اور دکانداروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کمیٹی ہر سال مون سون سے قبل بلند و بانگ دعوے کرتی ہے مگر عملی طور پر صورتحال جوں کی توں رہتی ہے ۔ شہریو ں کے مطابق صفائی کے ناقص انتظامات، بند سیوریج لائنیں اور عدم منصوبہ بندی بلدیہ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں