مینگو اینڈ ڈیٹس فیسٹول کی تیاریاں ، انتظامات شروع
فیسٹول میں آم ، کھجور کی مختلف اقسام، ویلیو ایڈڈ مصنوعات، جدید پیداواری ٹیکنالوجیز ،زرعی کاروباری مواقعوں کو نمایاں کیا جائیگا، زرعی یونیورسٹی میں انتظامی اجلاس کا اہتمام کھجور کی پراسیسنگ، برآمدی امکانات کو فروغ دینے کیلئے خصوصی سرگرمیوں پر اتفاق، اقدام کا مقصد، کسانوں، باغبانوں ، محققین ، صنعتکاروں ،عوام کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے
ملتان (خصوصی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی ملتان میں مینگو اینڈ ڈیٹس فیسٹول 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کی۔ اجلاس میں فیسٹیول کے انتظامی، تشہیری، تکنیکی اور عوامی شمولیت سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مینگو اینڈ ڈیٹس فیسٹیول 2026 کو جنوبی پنجاب کی زرعی شناخت اجاگر کرنے کے لئے ایک منفرد اور شاندار فیسٹیول کے طور پر منعقد کیا جائے گا۔ فیسٹیول میں آم اور کھجور کی مختلف اقسام، ویلیو ایڈڈ مصنوعات، جدید پیداواری ٹیکنالوجیز اور زرعی کاروباری مواقعوں کو نمایاں کیا جائے گا۔شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی پنجاب آم اور کھجور کی پیداوار کے حوالے سے ملک کا ایک اہم خطہ ہے ، لہٰذا فیسٹیول کے ذریعے نہ صرف آم کے کاشتکاروں بلکہ کھجور کے باغبانوں اور پیدا کنندگان کو بھی اپنی مصنوعات اور تجربات پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
اجلاس میں کھجور کی کاشت، پراسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور برآمدی امکانات کو فروغ دینے کے لئے خصوصی سرگرمیوں کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا گیا۔وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی خطے کی اہم زرعی اجناس کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لئے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مینگو اینڈ ڈیٹس فیسٹیول کا مقصد کسانوں، باغبانوں، محققین، صنعتکاروں اور عوام کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے تاکہ جدید معلومات، تجربات اور کاروباری مواقع کا تبادلہ ممکن ہو سکے ۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ملتان اور گرد و نواح کے شہریوں، خاندانوں، طلبہ اور کاشتکاروں کو اس عظیم الشان فیسٹیول میں شرکت کی دعوت عام دی جائے گی۔ مزید برآں، فیسٹیول میں داخلہ مکمل طور پر مفت ہوگا تاکہ زیادہ سے زیادہ فیملیز اس فیسٹیول میں شرکت کر سکیں اور خطے کی زرعی و ثقافتی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔