امت کو متحد کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت،طاہر اشرفی
محرم الحرام میں ضابطہ اخلاق، حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے
ڈیرہ غازی خان ( ڈسٹرکٹ رپورٹر)چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور قومی پیغامِ امن کمیٹی حکومت کے سربراہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے وفد کے ہمراہ ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا اور ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی سرکٹ ہاؤس میں محرم الحرام کے حوالے سے امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور استحکام پاکستان کے موضوع پر منعقدہ سیمینار کی صدارت کی۔ سیمینار میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد چانڈیہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر تیمور عثمان، حافظ مقبول احمد، ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان، علماء کرام، مشائخ عظام اور مختلف مکاتب فکر کے نمائندگان نے شرکت کی۔ خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ امت مسلمہ کو متحد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارے اور بین المسالک اتحاد کے فروغ کے لئے بھرپور کردار ادا کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ضابطہ اخلاق اور حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد، مجالس و جلوسوں کے مقررہ روٹس اور اوقات کار کی پابندی یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت، نفرت انگیزی اور انتشار پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ سوشل میڈیا کی بھی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے ۔ سیمینار کے شرکاء نے ملک میں امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔