آر پی او اور کمشنر کا کوٹ ادو میں محرم سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
امام بارگاہوں و جلوس روٹس کے دورے ، امن و امان کیلئے سخت ہدایات جاری
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان محمد اظہر اکرم اور کمشنر اشفاق احمد چودھری نے محرم الحرام کے سلسلے میں ضلع کوٹ ادو کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔تفصیلات کے مطابق اعلیٰ حکام نے مرکزی امام بارگاہ کوٹ ادو، امام بارگاہ ٹبہ کربلا اور دیگر امام بارگاہوں سمیت جلوسوں کے روٹس اور آغاز و اختتامی پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سکیورٹی پوائنٹس، چیکنگ نظام اور راستوں کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔دورے کے دوران آر پی او اور کمشنر نے جلوس منتظمین اور ممبران امن کمیٹی سے ملاقات بھی کی جنہوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آر پی او محمد اظہر اکرم نے حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کرنے اور روٹس سے تجاوزات و تعمیراتی سامان فوری ہٹانے کی ہدایات جاری کیں۔
بعد ازاں آر پی او اور کمشنر کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی اور مجالس و جلوسوں کے منتظمین کا اجلاس بھی ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر کے رہنماؤں نے ضابطہ اخلاق، طے شدہ روٹس اور اوقات کی مکمل پابندی کی یقین دہانی کرائی۔آر پی او محمد اظہر اکرم نے کہا کہ دورے کا مقصد سکیورٹی انتظامات کا زمینی جائزہ لینا ہے اور کسی بھی شرپسند کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کمشنر اشفاق احمد چودھری نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنا پولیس، انتظامیہ اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، اور تمام فریقین کو باہمی تعاون اور ضابطہ اخلاق کی پابندی یقینی بنانا ہوگی۔