عشرہ محرم: فوج، پولیس، انتظامیہ کا مشترکہ فلیگ مارچ

عشرہ محرم: فوج، پولیس، انتظامیہ کا مشترکہ فلیگ مارچ

مارچ پولیس لائنز سے شروع ہو کر پہاڑی گراؤنڈ سے ہوتا ہوا مکمل ہوا ،قیادت کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں، آر پی او سہیل اختر سکھیرا، بریگیڈیئر پاک آرمی یاسین نے کی

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ڈویژنل و ضلعی پولیس، انتظامیہ اور پاک آرمی کا مشترکہ فلیگ مارچ منعقد کیا گیا۔فلیگ مارچ کی قیادت کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں، آر پی او سہیل اختر سکھیرا، بریگیڈیئر پاک آرمی یاسین، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر، سی پی او تنویر حسین، کرنل پاک آرمی عدیل اور رینجرز افسروں نے کی۔فلیگ مارچ میں پاک آرمی، پولیس، ایلیٹ فورس اور ریسکیو 1122 کی گاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔ فلیگ مارچ پولیس لائنز سے شروع ہو کر جیل روڈ، نڑوالا روڈ، جناح کالونی، مرکزی امام بارگاہ، راجباہ روڈ، بیرون جھنگ بازار، کارخانہ بازار، گمٹی چوک، جھال خانوآنہ اوور ہیڈ برج، ستیانہ روڈ، گیٹانوالہ چوک اور پہاڑی گراؤنڈ سے ہوتا ہوا دوبارہ پولیس لائنز میں اختتام پذیر ہوا۔کمشنر مسرت جبیں نے اس موقع پر کہا کہ فلیگ مارچ کا مقصد عشرہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کو امن و امان اور تحفظ کا احساس دلانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محرم کے باقی ایام کے لیے بھی سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں