یوم عاشور تک امن و امان کا قیام اولین ترجیح :مسرت جبیں
جلوسوں کے روٹس پر انتظامی و حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر فیصل آباد ڈویژن میں عشرہ محرم الحرام کے جلوسوں کے جامع انتظامی و حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد جاری ہے اور یوم عاشور تک امن و امان کا قیام اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے ۔کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں آر پی او سہیل اختر سکھیرا اور بریگیڈیئر پاک آرمی یاسین نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر، سی پی او تنویر حسین، دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔اجلاس میں کمشنر فیصل آباد نے 7 محرم سے یوم عاشور تک جلوسوں کے روٹس پر انتظامی و حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ منتظمین اور امن کمیٹی کے ارکان کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔انہوں نے یوم عاشور کے سکیورٹی پلان پر بریفنگ لیتے ہوئے کہا کہ لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ تمام ڈیوٹی افسران اپنی ذمہ داریوں کا مکمل ادراک کریں اور کنٹرول روم میں ذمہ دار سٹاف کی موجودگی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ معلومات کے تبادلے میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے سکیورٹی پلان پر مؤثر اور ذمہ دارانہ عملدرآمد جاری رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ وضع کردہ ایس او پیز کے مطابق ڈیوٹیاں انجام دی جائیں۔