الائیڈ ہسپتال کی سی ٹی سکین مشین دوبارہ خراب، سینکڑوں مریض مشکلات سے دوچار

الائیڈ ہسپتال کی سی ٹی سکین مشین دوبارہ خراب، سینکڑوں مریض مشکلات سے دوچار

متعدد مریضوں کی تشخیص اور علاج میں تاخیر ،دور دراز علاقوں اور دیگر چھوٹے ہسپتالوں سے آ نے والوں کو شدید پریشانی ، مرمت پر کام جاری ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں فعال کر دیا جائے گا، ایم ایس

فیصل آباد (نیوز رپورٹر)الائیڈ ہسپتال ون کی سی ٹی سکین مشین ایک بار پھر خراب ہو گئی، جس کے باعث روزانہ مفت علاج کی غرض سے آنے والے سینکڑوں مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مشین کی خرابی کے باعث متعدد مریضوں کی تشخیص اور علاج میں تاخیر ہو رہی ہے ہسپتال ذرائع کے مطابق سی ٹی اسکین ڈیپارٹمنٹ میں الائیڈ ہسپتال کے وارڈز کے علاوہ دور دراز علاقوں اور دیگر چھوٹے ہسپتالوں سے بھی مریض ریفر کیے جاتے ہیں۔ خصوصاً حادثات، برین ہیمرج، فالج اور اندرونی چوٹوں کے مریضوں کی فوری تشخیص کا عمل متاثر ہوا ہے ۔ڈاکٹروں کے مطابق سی ٹی سکین کے بغیر سر اور سینے سے متعلق ایمرجنسی مریضوں کے علاج کے بارے میں بروقت فیصلہ کرنا ممکن نہیں ہوتا۔کینسر، ٹی بی اور دیگر پیچیدہ بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا علاج بھی متاثر ہو رہا ہے کیونکہ سی ٹی سکین رپورٹ کے بغیر علاج کا اگلا مرحلہ شروع نہیں کیا جا سکتا۔طبی ماہرین اور شہری حلقوں نے کروڑوں روپے مالیت کی مشین کا بار بار خراب ہونا محکمہ صحت کی مینٹی ننس اور منصوبہ بندی پر سوالیہ نشان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بھی اس خرابی کے باعث مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔دوسری جانب میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر فہیم یوسف نے بتایا کہ مشین کی مرمت پر کام جاری ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں فعال کر دیا جائے گا، جبکہ ایمرجنسی مریضوں کیلئے دوسری سی ٹی سکین مشین کام کر رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں