محرم الحرام ، عزاداروں کیلئے تمام سہولتیں فراہم کرنیکا حکم
جلوس روٹس پر ٹھنڈے پانی کی سبیلیں قائم کی جائیں،ڈی سی مظفر گڑھ کا دورہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے انتظامات عروج پر پہنچ گئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر عزاداروں کے لیے ٹھنڈے پانی کی سبیلیں قائم کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شدید گرمی کے پیش نظر اہم مقامات، امام بارگاہوں اور جلوس روٹس پر پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی کا خصوصی انتظام کیا جا رہا ہے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اس مقصد کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور انتظامات کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں میں شریک عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عزاداروں کی خدمت اور سہولت کے لیے اپنے فرائض بھرپور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، صفائی ستھرائی، روشنی، پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عزادار مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ اپنی عبادات اور رسومات ادا کر سکیں۔ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے تمام انتظامات کی خود نگرانی کر رہی ہے اور عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات جاری ہیں۔