دولچیکے میں مجوزہ رنگ روڈ منصوبہ آبادی کیلئے با عث تشویش

 دولچیکے میں مجوزہ رنگ روڈ منصوبہ آبادی کیلئے با عث تشویش

6کنال پر جامع مسجد امیر حمزہ اور آن لائن قرآن اکیڈمی بھی زد میں آ نے کا خدشہ

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )دولچیکے میں مجوزہ رنگ روڈ منصوبہ مقامی آبادی کیلئے تشویش کا باعث بن گیا ۔ روٹ سے متعدد گھر، مساجد اور عوامی مقامات متاثر ہو سکتے ہیں۔ اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے پر نظر ثانی کرتے ہوئے متبادل روٹ اختیار کیا جائے تاکہ آبادی اور مذہبی مقامات کو محفوظ بنایا جا سکے ۔دولچیکے کے رہائشیوں کے مطابق رنگ روڈ کے موجودہ پلان کی وجہ سے سینکڑوں گھروں کے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبے خوش آئند ہیں لیکن ان کی تکمیل کے دوران عوامی مفادات کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے ۔متاثرین کے مطابق 6 کنال پر قائم جامع مسجد امیر حمزہ اور اس میں موجود آن لائن قرآن اکیڈمی بھی مجوزہ روٹ کی زد میں آ رہی ہے ۔ نمازیوں، طلبہ اور اساتذہ نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے ۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اگر رنگ روڈ کو نہر کی پٹری کے ساتھ تعمیر کیا جائے تو ہزاروں گھروں، متعدد مساجد اور دیگر اہم مقامات کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے ۔ شہریوں کے مطابق منصوبے میں معمولی ردوبدل سے بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصان سے بچا جا سکتا ہے ۔مقامی افراد نے حکومت پنجاب اور رنگ روڈ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے کے مجوزہ روٹ پر نظر ثانی کی جائے تاکہ ترقیاتی عمل جاری رہے اور عوامی و مذہبی مقامات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں