نوکھر برانچ کے کناروں سے مٹی چوری ، پشتے کمزور پڑ گئے
علاقہ مکینوں کا وزیر اعلیٰ اور محکمہ انہار کے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ
ہیڈبمبانوالہ (نامہ نگار )نوکھر برانچ سے ایس ڈی او انہار کی مبینہ ملی بھگت سے مٹی چوری کا سلسلہ جاری، پشتے کمزور پڑ گئے۔ ہیڈ بمبانوالہ سے ملحق راجباہ نوکھر برانچ جس کے پانی سے وزیر آباد، علی پور چٹھہ اور حافظ آباد سمیت دیگر کئی علاقوں کی ہزاروں ایکڑز اراضی سیراب ہوتی ہے جس سے کسانوں کو مہنگی بجلی اور ڈیزل کے خرچ سے ریلیف ملتا ہے جو محکمہ انہار ڈر ینج کے عملہ کا پانی چوری اورمٹی چوری میں ملوث ہونے کی وجہ سے رجسٹرڈ کسانوں کو ریلیف کم مل رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ انہار ڈرینج کے ایس ڈی او کی مبینہ ملی بھگت سے کئی ماہ سے راجباہ نو کھر برانچ سے مٹی چوری کا سلسلہ جاری ہے اب جبکہ راجباہ میں پانی چھوڑ دیا گیا ہے تو کناروں سے مٹی اٹھائی جارہی ہے جس سے کمزورپشتے ٹوٹنے اور قیمتی پانی ضائع ہونے کا خدشہ ہے ۔اس ضمن میں موقف لینے کیلئے ایس ڈی او سے رابطہ نہ ہوسکا ۔علاقہ مکینوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور محکمہ انہار کے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔