تاجروں کے شٹر پر 3ہزار ماہانہ‘ صفائی فیس پر شدید تحفظات

تاجروں کے شٹر پر 3ہزار ماہانہ‘ صفائی فیس پر شدید تحفظات

پہلے ہی مشکلات کا شکار طبقے پر اضافی مالی بوجھ ڈالنا سرا سر نا انصافی ہے :شیخ امجد

حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )مرکزی انجمن تاجران کے ضلعی صدر شیخ امجد نے واسا اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دکانداروں پر عائد کی جانے والی فیسوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے شٹر، واش رومز اور صفائی ستھرائی کی مد میں بھجوائے جانے والے ووچرز تاجروں پر ڈرون حملے سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک شٹر کے عوض ماہانہ 3000 روپے فیس کا نفاذ اور تین، تین ماہ کی فیسیں ایک ہی وقت میں وصول کرنے کا فیصلہ تاجر برادری کیلئے ناقابلِ برداشت ہے۔

صحافیوں سے گفتگو میں شیخ امجد کاکہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات، مہنگائی، بجلی کے بڑھتے نرخوں اور کاروباری مندی کے باعث تاجر پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں ، ایسے میں اضافی مالی بوجھ ڈالنا سراسر ناانصافی ہے ۔ شیخ امجد نے کہا کہ تاجر برادری ہمیشہ ٹیکسوں اور سرکاری واجبات کی ادائیگی میں اپنا مثبت کردار ادا کرتی آئی ہے اور کبھی بھی قومی ذمہ داریوں سے راہِ فرار اختیار نہیں کیا، تاہم ضلعی انتظامیہ کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ وہ تاجروں کے مسائل، مشکلات اور کاروباری حالات کا احساس کرے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں