ظلم کا یہ نظام ٹوٹے گا تو نیا نظام آئے گا:ڈاکٹر طارق
ملک میں ذہنی انقلاب آچکا جو سیاسی نظام کا پیش خیمہ بن کررہے گا
گجرات(سٹی رپورٹر )جماعت اسلامی پنجاب کے امیرڈاکٹرطارق سلیم نے منصور ہ میں مظفرگڑھ، لودھراں، راجن پور، منڈی بہا ئو الدین کے کارکنوں سے ملاقات کی ،ڈاکٹرطارق سلیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انگریز کا پروردہ ناجائر مقتدرطبقہ جیسے جیسے طاقتور اور مضبوط ہورہا ہے پاکستان کی نظریاتی شناخت کمزور ہورہی ہے ،یہ نہ صرف پاکستان کے نظریے بلکہ عوام کی بھی ناکامی ہے ،اقتدار پر قابض اشرافیہ کو عوام اچھی طرح جان اور پہچان چکے ہیں اور بجا طور پر ملک کے مسائل اور بحرانوں کا اصل ذمہ دار اسی ٹولے کو سمجھتے ہیں،عوام نے بیماری اور اس کا علاج دریافت کرلیا ہے ،90فیصد سے زیادہ لوگ ملک پر مسلط آمریت کو مسائل کی اصل جڑ قرار دیتے ہیں ،ظلم کا یہ نظام ٹوٹے گا تو نیا نظام آئے گا، ملک میں ذہنی انقلاب آچکا ہے جو سیاسی نظام کا پیش خیمہ بن کررہے گا۔
بعد ازاں انہوں نے جوہر ٹائون میں فلسفہ شہادت حسین کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہادت امام حسین حق، عدل ،حریت اوردین اسلام کی سربلندی کاعظیم درس ہے کربلا کاواقعہ ہمیں یہ پیغام دیتاہے کہ باطل کے سامنے جھک جانا آسان ہوسکتاہے لیکن حق پرڈٹے رہنا ہی حقیقی کامیابی ہے امام حسینؓ نے اقتدار، مصلحت اوردنیاوی مفادات کے بجائے دین حق اور اصولوں کی حفاظت کوترجیح دی اوراپنی جان سمیت اپنے اہل خانہ کی قربانی پیش کردی، ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ فلسفہ حسین یہ ہے کہ ظلم،جبراورناانصافی کے خلاف آوازبلند کی جائے خواہ اس کے لئے کتنی ہی بڑی قربانی کیوں نہ دینی پڑے ۔