ڈی سی گجرات کایوم عاشور پرسکیورٹی انتظامات کاجائزہ
لالہ موسیٰ میں جلوس مقررہ راستوں سے میلادچوک پہنچا،مجلس عزا وشام غریباں برپا
لالہ موسیٰ(نمائندہ دنیا)لالہ موسیٰ میں یوم عاشور مذہبی عقیدت واحترام سے منایاگیا۔صبح 9بجے مرکزی امام بارگاہ قصر ابوطالب میں مجلس عزا کے بعد جلوس کاآغازہوا،جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا میلادچوک پہنچا،جہاں عزاداران نے نماز ظہرین اداکی ،بعدازاں چوک پر مجلس عزا ہوئی مولانایاسین قادری نے خطاب کیا، اختتام مجلس پر جلوس مین بازار میں داخل ہوا،اوراردوبازار،پرانی غلہ منڈی،عیدگاہ روڈ سے ہوتانمازمغرب سے قبل جامع مسجدعلیؓ پہنچ کراختتام پذیرہوا،جہاں مجلس شام غریباں برپاہوئی اور عزاداران پرامن منتشر ہوگئے ۔ڈی سی گجرات نورالعین قریشی نے اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمدشیرگوند ل ،چیف آفیسر تنویر عباس کے ہمراہ جلوس کادورہ کیااور سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیا،ڈی سی نورالعین قریشی ،ڈی پی او اخترفارق کی زیرقیادت انتظامیہ وپولیس نے جلوس کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ،جلوس میں شامل ہونے والے عزاداروں کی تلاشی لی جاتی رہی، میونسپل کمیٹی لالہ موسیٰ نے جی ٹی روڈ پر سبیل لگائی ، جلوس کے راستوں کی مکمل صفائی ، پانی کاچھڑکاؤ بھی کیا گیا،مقامی سرکاری ہسپتالوں کی ایمبولینس ،عملہ ،ریسکیو 1122کی ایمبولینس اور عملہ بھی جلوس کے ہمراہ دتھاجنہوں نے عزاداروں کی مرہم پٹی کی۔