لدھیوالہ وڑائچ ،گیپکو کا ترسیلی نظام متاثر ،غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ
گھروں میں پانی کی قلت کے با عث بچوں بزرگوں اور مریضوں کو شدید مشکلات
لدھیوالہ وڑائچ (نامہ نگار )شدید گرمی اور بجلی کے بڑھتے لوڈ کے باعث گیپکو سب ڈویژن لدھیوالہ وڑائچ کا ترسیلی نظام شدید دباؤ کا شکار ہو گیا ، مختلف علاقوں کے فیڈر بار بار ٹرپ کرنے اور ٹرانسفارمر جلنے کے واقعات میں اضافہ ہونے سے شہریوں کو طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ شدید گرمی میں گیپکو سب ڈویژن لدھیوالہ وڑائچ کا بجلی کا ترسیلی نظام شدید دبائوکی وجہ سے فیڈر بار بار ٹرپ کرنے اور ٹرانسفارمر کے جلنے میں اضافہ دیکھنے میں آیا ، سب ڈویژن میں مینٹیننس سٹاف کی کمی کے باعث خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز اور فالٹس کو دور کرنے میں 24، 24 گھنٹے یا اس سے بھی زیادہ وقت لگ رہا ہے جس پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
شہریوں کے مطابق گھروں میں پانی کی قلت کے با عث بچوں بزرگوں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ فیڈر ٹرپ ہونے یا ٹرانسفارمر جلنے کی صورت میں شکایات درج کرانے کے باوجود مینٹیننس ٹیموں کی کمی کے باعث عملہ بروقت موقع پر نہیں پہنچ پاتا جس کی وجہ سے کئی کئی گھنٹے بلکہ بعض اوقات پورا دن بجلی بحال نہیں ہو پاتی۔ اہل علاقہ، تاجر برادری نے چیف ایگزیکٹو گیپکو ،سپرنٹنڈنگ انجینئر اور ایکسین سے مطالبہ کیا ہے کہ سب ڈویژن لدھیوالہ وڑائچ میں اضافی لائن سٹاف ٹیکنیکل عملہ اور ضروری مشینری فوری فراہم کی جائے۔