انسانی سمگلرز، ویزا فراڈ میں ملوث افراد کیخلا ف کارروائی
27کروڑر وپے سے زائد کے سکینڈلز،فراڈ میں ملوث 14خطرناک ملزم گرفتار
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کی خصوصی ہدایت پر انسانی سمگلرز، ویزا فراڈ ، کرپٹ عناصر اور منظم جرائم میں ملوث نیٹ ورکس کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا۔ ٹیموں نے کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 14 خطرناک ملزموں کو گرفتار کر لیا جن میں سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری بھی شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے مختلف مقدمات میں مجموعی طور پر 27 کروڑ 39 لاکھ روپے کی خطیر رقم کے مالیاتی سکینڈلز اور دھوکہ دہی کیخلاف مؤثر کارروائیاں کیں۔
دبئی اسلامک بینک کا ایک بدعنوان افسر جو 4کروڑ روپے کے بینک فراڈ میں ملوث تھا، ملک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ ایف آئی اے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دھر لیا۔گزشتہ ہفتے کا سب سے بڑا فراڈ کیس بھی بے نقاب کر دیا گیا۔ شہریوں کو سپین بھجوانے کا جھانسا دے کر 7 کروڑ روپے ہڑپ کرنے والا مرکزی ملزم عدنان سلیم گرفتار کر لیا گیا ۔کارروائیوں کے دوران 10 انسانی سمگلرز اور ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا جن میں قانون کو طویل عرصے سے مطلوب 2 اشتہاری ملزم بھی شامل ہیں۔2غیر قانونی ٹریول ایجنسیوں پر چھاپے مار کر 25 پاسپورٹس، مختلف بینکوں کی چیک بکس، جعلی مہریں اور بھاری رقم برآمد کر لی گئی۔بجلی چوری کے مقدمے میں مفرور ایک اشتہاری ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا۔