چناب میں کٹائو سے سینکڑوں دیہات کی اراضی دریابرد
پچھلے سال سیلاب سے تباہ بجوات اور چپراڑ روڈ کے پل تعمیر نہ ہوسکے :امتیازبریار
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )دریائے چناب میں کٹاؤ سے ضلع سیالکوٹ کے سینکڑوں دیہات کی زمین دریا برد ہورہی ہیں ،پچھلے سال کے سیلاب سے متاثر علاقے ابھی تک سڑکوں ،پلوں اور سیلابی بندوں کی بحالی کے منتظر ہیں۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع سیالکوٹ امتیاز احمد بریار نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر قیم ضلع شیخ عتیق الرحمن ،صدر ضلعی ایڈ کمیٹی محسن اکرام بھٹی ، صدرجی آئی یوتھ حارث میربگو ایڈووکیٹ اور صدر شعبہ نشرواشاعت جماعت اسلامی ضلع سیالکوٹ بھی موجود تھے ۔ امتیاز بریار نے کہا کہ پچھلے سال سیلاب میں 85 دیہات کو ملانے والے علاقہ بجوات کا پل اور سیالکوٹ چپراڑ روڈ کے ٹوٹنے والے پل ابھی تک تعمیر نہیں ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ تحصیل پسرور کے علاقہ چونڈہ میں ڈیک پر ٹوٹنے والے والا پل بھی تعمیر نہیں ہوسکا جو حکومتی نااہلی کی منہ بولتی تصویر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے حکومتی فنڈ کرپشن کی نذر ہوچکے ہیں ۔