وزیر صنعت شافع حسین کوفر نیچر سٹی کے قیام کی تجویز پیش

 وزیر صنعت شافع حسین کوفر نیچر سٹی کے قیام کی تجویز پیش

جدید تربیت، تحقیق، ڈیزائن، ٹیکنالوجی کی کمی کے با عث صنعت ترقی نہ کر سکی

گجرات(سٹی رپورٹر،نامہ نگار )چیئرمین فرنیچر ایسوسی ایشن نے وفد کے ہمراہ چودھری شافع حسین وزیر صنعت و تجارت سے ملاقات کی جس میں پنجاب میں جدید اور بین الاقوامی معیار کے فرنیچر سٹی کے قیام کی تجویز پیش کی گئی۔ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان میں فرنیچر کی صنعت بے پناہ صلاحیت رکھتی ہے تاہم جدید تربیت، تحقیق، ڈیزائن، ٹیکنالوجی اور خصوصی صنعتی انفراسٹرکچر کی کمی کے باعث یہ شعبہ اپنی مکمل استعداد کے مطابق ترقی نہیں کر سکا۔تجویز کے مطابق فرنیچر سٹی میں دو بڑے منصوبے شامل ہوں گے ۔ پہلاسپیشلائزڈ فرنیچر ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ جہاں نوجوانوں اور ہنر مند افراد کو جدید فرنیچر ڈیزائننگ، سی این سی مشینری، ووڈ ورکنگ، اپہولسٹری، فنشنگ، کوالٹی کنٹرول اور بین الاقوامی برآمدی معیارات کی عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔ دوسرا، فرنیچر انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جائے گی جو مکمل طور پر فرنیچر کی صنعت کیلئے مختص ہوگی۔ یہاں جدید صنعتی انفراسٹرکچر، مشترکہ سہولیات، ڈیزائن و ٹیسٹنگ مراکز، ویٔر ہاؤسنگ، لاجسٹکس اور برآمدی سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ پاکستانی صنعتکار عالمی منڈی میں زیادہ مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔ ملاقات میں منصوبے کو حکومت، نجی شعبے اور بین الاقوامی شراکت داروں کے باہمی تعاون سے آگے بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری کو عالمی سطح پر ایک مضبوط اور مسابقتی مقام دلایا جا سکے ۔ وفد میں سابق چیئرمین و صدر چیمبر علی عنصر گھمن ، حماد اسلم ، رانا بلال ، رضوان امجد ، قاسم لقمان شامل تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں