حافظ آباد:ستھرا پنجاب ‘واسا کی جانب سے 4ماہ کے بل ارسال
صفائی پروگرام فوٹو سیشن تک محدود ، ہزاروں روپے کے بل زیادتی ،حکومت پر تنقید
حافظ آباد(نامہ نگار، نمائندہ دنیا )حافظ آباد کے شہریوں کو ستھراپنجاب اور واساکی جانب سے چار،چار ماہ کے ہزاروں روپے کے بلز جرمانوں کے ساتھ بھجوائے جانے لگے ، شہری حکومت پنجاب کو کوسنے لگے ۔ ستھراپنجاب ایجنسی اور واسا کی جانب سے کئی روز سے شہر بھر میں رہائش پذیر چھوٹے مکانات کے مکینوں کو بھی چارچار ماہ کے جرمانوں کے ساتھ ہزاروں روپے کے بلز وصول ہورہے ہیں جبکہ ستھراپنجاب اور واسا کی جانب سے مساجد کو بھی دس سے پندرہ ہزار روپے کے بلز بھجوادیئے گئے ہیں جس سے شہر بھر میں لوگ حکومت کو کوس رہے ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ستھراپنجاب پروگرام صرف فوٹو سیشنوں تک محدود ہوچکا ہے اور مضافاتی علاقوں میں صفائی ستھرائی کا ابتر نظام ہے جبکہ گلی محلوں کے ساتھ ساتھ مضافاتی علاقوں میں نکاسی آب کے نالے اور گٹر ابل رہے ہیں ۔ان حالات میں ایک ایک مکان میں رہائش پذیر لوگوں کو چار چار پانچ ہزار روپے کے بلز بھجوانا انکے ساتھ ظلم وزیادتی ہے جسکا اگر نوٹس نہ لیا گیا تو شہری سڑکوں پر آکر حکومت اور وزیر اعلی کی عوام کش پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرتے پر مجبور ہوں گے ۔