پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 2ہزار لٹر مضر صحت دودھ تلف
ناقص دودھ سپلائی کرنے پر 13دودھ بردار گاڑیوں کے مالکان کو 2لاکھ 70ہزار جرمانہ
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے ملاوٹی اور ناقص دودھ کی سپلائی کے خلاف موٹروے ٹول پلازہ پر ناکہ بندی کرتے ہوئے کامیاب کارروائی کی جس کے دوران 2ہزار لٹر پانی ملا دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا جبکہ ناقص دودھ سپلائی کرنے پر 13دودھ بردار گاڑیوں کے مالکان کو مجموعی طور پر 2لاکھ 70ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران 29دودھ بردار گاڑیوں کی جانچ کی گئی، جن میں موجود تقریباً 25ہزار لیٹر دودھ کے نمونے جدید فوڈ سیفٹی آلات کی مدد سے چیک کیے گئے ۔ معائنے کے دوران 2 ہزار لیٹر پانی ملا دودھ ناقابلِ استعمال قرار دے کر موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ یہ دودھ ضلع جھنگ سے راولپنڈی اور اسلام آباد سپلائی کیا جانا تھا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے دودھ بردار گاڑیوں کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی اور چیکنگ کرتی ہے تاکہ ملاوٹ مافیا کی حوصلہ شکنی کی جا سکے اور عوام کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔