علی پورچٹھہ:انٹرنیٹ نظام ہفتے سے مفلوج ،صارفین کو مشکلات
طویل بندش سے طلبہ، آن لائن کاروبار ،سرکاری و نجی دفاتر، بینکنگ صارفین متاثر
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ میں پی ٹی سی ایل کا ٹیلی فون اور انٹرنیٹ نظام ایک ہفتے سے مفلوج ،صارفین شدید مشکلات کا شکار ، متبادل نیٹ ورک کمپنیوں کا کاروبار چمک اٹھا۔ علی پور چٹھہ اور نواح میں پی ٹی سی ایل کا ٹیلی فون اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ نظام ایک ہفتے سے مسلسل بند ہونے کے باعث سینکڑوں صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انٹرنیٹ کی طویل بندش نے طلبہ، آن لائن کاروبار کرنے والوں، سرکاری و نجی دفاتر، بینکنگ صارفین اور فری لانسرز کے معمولات زندگی بری طرح متاثر کر د ئیے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے ساتھ اب انٹرنیٹ کی بندش بھی معمول بن چکی ہے ۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود پی ٹی سی ایل ایکسچینج کی جانب سے مسئلے کے مستقل حل کیلئے مؤثر اقدام نہیں کیا جا رہا۔ صارفین کے مطابق عملہ اکثر مؤقف اختیار کرتا ہے کہ زیر زمین کیبلیں انتہائی پرانی اور بوسیدہ ہو چکی ہیں کئی بار گلیوں اور بازاروں کی تعمیر و مرمت کے دوران یہ کیبلیں متاثر ہوئیں جنہیں دوبارہ نکال کر تبدیل کرنا مشکل کام ہے ۔ بعض صارفین کا دعویٰ ہے کہ انہیں یہ تک کہا جاتا ہے کہ اگر کنکشن رکھنا ہے تو رکھیں ورنہ منقطع کر ا دیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں فائبر آپٹک اور جدید ترین براڈ بینڈ ٹیکنالوجی کے ذریعے تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں مگر علی پورچٹھہ میں پی ٹی سی ایل کا نظام روز بروز زبوں حالی کا شکار ہوتا جا رہا ہے ۔ شہریوں نے چیئرمین پی ٹی سی ایل، متعلقہ اعلیٰ حکام اور وزارت آئی ٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ علی پورچٹھہ میں بوسیدہ اور زیر زمین کیبلوں کو جدید فائبر آپٹک نیٹ ورک سے تبدیل کیا جائے ،ایکسچینج کے نظام کو اپ گریڈ کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments