سیالکوٹ :غیر قانونی ضبط پٹرول مشینوں کی مسماری شروع
300مشینوں کی مسماری کا عمل آئندہ دو روز میں مکمل کر لیا جائے گا :ضلعی انتظامیہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم بشیر کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے ضلع بھر میں غیر قانونی منی پٹر ول شاپس کے خلاف کارروائی کے سلسلے میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے ضبط کی گئی 300 سے زائد غیر قانونی پٹر ول ڈسپنسر مشینوں کی مسماری کا عمل شروع کر دیا ۔اس سلسلے میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ زبیر وٹو اور ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر خالد حسین، ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفس سیالکوٹ میں اپنے زیر نگرانی ہیوی مشینری کے ذریعے ضبط شدہ ڈسپنسر مشینوں کو تلف کر رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق مشینوں کی مسماری کا عمل آئندہ دو روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔
اس کے بعد مشینوں کے ملبے کو سرکاری قواعد و ضوابط کے مطابق نیلام عام کیا جائے گا اور حاصل ہونے والی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں غیر قانونی طور پر کھلا پیٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے ، آئندہ بھی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار وں کے خلاف مقدمات کا اندراج، جرمانے ، گرفتاریاں اور استعمال ہونے والی مشینوں کی ضبطی کے بعد انہیں مسمار کر دیا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف لائسنس یافتہ اور مجاز پٹر ول پمپس سے ہی پٹر ول خریدیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے اور جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments