لیاقت پارک میں واٹر سٹوریج ٹینک مکمل ، واکنگ ٹریک بحال
محکموں کی سروسز منتقلی کے بعد ماس ٹرانزٹ بس سروس منصوبے کام تیز کر دیا گیا
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کمشنر روڈ، لیاقت پارک، سیٹلائٹ ٹاؤن ماڈل مارکیٹ، سیالکوٹ بائی پاس چھچھروالی چوک اور جی ٹی روڈ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کمشنر روڈ پر خوبصورت گوجرانوالہ مہم کے تحت جاری تزئین و آرائش کے کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے چوک میں تعمیر کئے گئے فوارے اور خوبصورت آبشار کا جائزہ لیا جبکہ سنٹر میڈین میں دیدہ زیب پلانٹرز کی تنصیب، پھولدار پودوں کی شجرکاری اور گرین بیلٹس کی بہتری کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی آپریشن کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے لیاقت پارک کا دورہ کیا جہاں پارک کی بحالی کے جاری منصوبے کا جائزہ لیا۔ انہیں بریفنگ دی گئی کہ زیر زمین واٹر سٹوریج ٹینک کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ واکنگ ٹریک کو بھی بحال کر دیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ واٹر سٹوریج ٹینک کی چھت پر شہریوں کی سہولت کیلئے خوبصورت سٹنگ ایریا، گزیبوز اور بیٹھنے کے بنچ جلد نصب کیے جائیں تاکہ پارک میں آنے والے شہری بہتر تفریحی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔جی ٹی روڈ کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ماس ٹرانزٹ بس سروس (بی آر ٹی یلو لائن)منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ انڈر پاسز کی تعمیر کا کام برق رفتاری سے جاری ہے جبکہ متعلقہ محکموں کی سروسز کی منتقلی کے بعد رائٹ آف وے پر تعمیراتی سرگرمیاں بھی تیز کر دی گئی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments