سگ گزیدگی سے بچاؤ، ایڈوائزری گروپ تشکیل دینے کی ہدایت
بیماری سے عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے ملک گیر آگاہی مہم شروع کی جائیگی:مصطفی کمال
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے قومی ریبیز (سگ گزیدگی )پریوینشن اینڈ کنٹرول فریم ورک کی تیاری کے لیے نیشنل ٹیکنیکل ورکنگ ایڈوائزری گروپ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے ۔ یہ ہدایت انہوں نے دی انڈس ہاسپٹل اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری خان کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران جاری کی۔ وفد نے بریفنگ میں بتایا کہ ریبیز کی نگرانی کا مؤثر قومی نظام موجود نہیں تاہم دستیاب اندازوں کے مطابق ہر سال تقریباً پانچ ہزار افراد اس بیماری کے باعث جان سے جاتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قابلِ تدارک بیماری سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے ملک گیر آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کی نگرانی میں جاری انسدادِ ریبیز مہم کو سراہا اور دی انڈس ہاسپٹل کی تکنیکی معاونت کو قابلِ تحسین قرار دیا، انہوں نے کہا وفاقی حکومت، صوبائی حکومتیں اور تکنیکی شراکت دار ریبیز سے قابلِ تدارک اموات کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments