خود ساختہ قیمتیں، اشیا خورونوش پہنچ سے دور
سیالکوٹ اور گردونواح میں سبزی ، پھل ، گوشت من مانی قیمتوں پر فروخت ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی کارروائیاں فوٹو سیشن تک محدود ، شہری لٹنے پر مجبور
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )سیالکوٹ اور گردونواح میں مصنوعی مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ، ضلعی انتظامیہ کی خاموشی کے با عث شہری لٹنے لگے ، اشیا خورونوش کی قیمتیں شہریوں پہنچ سے باہر ہو گئیں ۔ سیالکوٹ میں چھوٹا گوشت 2600 سے 3000 جبکہ بڑا گوشت 1400 سے 1600 تک فروخت ہو رہا جبکہ سبزیوں میں ادرک 600روپے ، لیموں 400روپے ، لہسن 350روپے ، سبز مرچ 160روپے اور ٹماٹر 250روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔پھلوں میں کیلا 200روپے ،جامن 350 روپے ،انگور600 روپے ،چیری1000 روپے کلو جبکہ سیب600کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب برائلر گوشت کی قیمتوں میں بھی مسلسل اتار چڑھا جاری ہے ، برائلر گوشت 500 کلو میں دستیاب ہے ۔شہریوں نے کہا کہ مہنگائی کا طوفان رکنے کا نام نہیں لے رہا اور حکومت کی جانب سے روزمرہ اشیا کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ،صرف گوشت ہی نہیں بلکہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بھی عام صارف کیلئے دردِ سر بن گئی ہیں، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی کارروائیاں فوٹو سیشن کی حد تک ہیں ، شہریوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز، کمشنر گوجرانوالہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments