علی پورچٹھہ:اشتہاری کو ریڈ کی اطلاع پر کانسٹیبل گرفتار
یاسین قصاب قحبہ خانے میں موجود تھا ،علی حسن نے وہاں خاتون کو بتا دیا
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )تھانہ علی پورچٹھہ میں تعینات کانسٹیبل کو اشتہاری کو پولیس ریڈ کی اطلاع دینے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ۔ ایف آئی آر کے مطابق گزشتہ رات مخبر نے اطلاع دی کہ مطلوب اشتہاری محمد یا سین قصاب سکنہ سوئیانوالہ نازیہ عرف گجری کے گھر موجود ہے جہاں قحبہ خانہ چلایا جاتا ہے ۔ پولیس فوری موقع پر پہنچی تو مکان کو تالے لگے ہوئے تھے اور اندر کوئی موجود نہیں تھا۔
بعد ازاں تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ تھانہ علی پورچٹھہ میں تعینات کانسٹیبل علی حسن (4716/C) کے نازیہ عرف گجری سے قریبی تعلقات تھے اور اس نے فون کے ذریعے پولیس ریڈ کی پیشگی اطلاع دے دی جس کے نتیجے میں اشتہاری ملزم فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق کانسٹیبل علی حسن نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے محکمانہ فرائض سے انحراف کیا جس پر مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا۔شہریوں کے مطابق پولیس کے اندر موجود کالی بھیڑوں کا بروقت احتساب نہ کیا جائے تو جرائم پیشہ افراد قانون کی گرفت سے بچتے رہیں گے اور عوام کا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد بھی متاثر ہوگا۔ شہریوں نے ریجنل پولیس آفیسر اور سی پی او سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے اہلکاروں کے خلاف شفاف اور بلاامتیاز کارروائی کو یقینی بنایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments