حکومت سے طبِ یونانی کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کا مطالبہ

حکومت سے طبِ یونانی کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کا مطالبہ

قدرتی، مؤثر اور کم مضر اثرات رکھنے والا نظامِ علاج یورپ میں فروغ پا رہا :مقررین

 گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)صدر نیشنل کونسل فار طب حکیم محمد احمد سلیمی نے کہا کہ اب یہ طلبا طبِ یونانی کے سفیر ہیں اور ان پر لازم ہے کہ وہ اپنے علم، کردار اور خدمتِ خلق کے ذریعے اس عظیم ورثے کو آگے بڑھائیں، طبِ یونانی فطرت کے عین مطابق ایک قدرتی، مؤثر اور کم مضر اثرات رکھنے والا نظامِ علاج ہے جس میں روزمرہ استعمال ہونے والی غذائی و نباتاتی اشیا بھی علاج کا اہم ذریعہ بنتی ہیں ،ایلوپیتھک علاج کے متبادل کے طور پر طبِ یونانی میں بے شمار ایسی ادویات موجود ہیں جو ہنگامی حالات میں بھی مفید ثابت ہوتی ہیں جبکہ دنیا بھر خصوصاً یورپ میں ہربل میڈیسن کا رجحان تیزی سے فروغ پا رہا ہے کیونکہ اسے محفوظ اور قدرتی طریقئہ علاج سمجھا جا رہا ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ طبِ یونانی کے فروغ اور تحفظ کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں جس طرح ایلوپیتھک نظامِ علاج کو سرکاری سطح پر بھرپور سرپرستی حاصل ہے ، اسی طرح طبِ یونانی کو بھی مناسب مواقع، سرکاری منصوبوں میں نمائندگی اور وسائل فراہم کئے جائیں کیونکہ طبیب برادری محدود وسائل کے باوجود عوام کو معیاری اور کم خرچ علاج مہیا کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سلطان طبیہ کالج و راجپوت ہومیوپیتھک میڈیکل گوجرانوالہ میں سالِ چہارم کے طلبا و طالبات کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں حکیم ضیا اﷲ فتح گڑھی ،سابق وزیر مملکت امتیاز صفدر وڑائچ اور ڈاکٹر شوکت علی چودھری نے بھی اظہار خیال کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...