مولانا فضل الرحمٰن قوم ، افواج سے معذرت کریں :بیرسٹر عثمان
قومی اداروں پر تنقید سے قبل حقائق اور زمینی حالات کا ادراک حاصل کریں:لیگی رہنما
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور سابق امیدوار قومی اسمبلی این اے 66، بیرسٹر عثمان احمد چیمہ نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا قصور میں دیا گیا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ، افسوسناک اور قومی مفاد کے منافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے ایسے بیانات دینا نہ صرف پاکستان کے دفاعی اداروں کی قربانیوں کی نفی ہے بلکہ ان کروڑوں پاکستانیوں کے جذبات کو بھی مجروح کرتا ہے جو اپنی افواج پر فخر کرتے ہیں وہ بابائے صحافت پریس کلب وزیرآباد کے وفد میں شامل صحافیوں سید ضمیر کاظمی، میاں شہباز احمد، صوفی اشرف نثار، ایوب احمد چوہان اور وقاص خالد ہاشمی سے گفتگو کر رہے تھے اگر مولانا فضل الرحمٰن اپنے مؤقف پر اتنا یقین رکھتے ہیں تو انہیں محض جلسوں میں تقاریر کرنے کے بجائے اپنے بیٹوں کو ایک ہفتے کیلئے سیاچن ، لائن آف کنٹرول، کشمیر یا کسی بھی حساس سرحدی چوکی پر تعینات جوانوں کے ساتھ گزارنے کا کہنا چاہیے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن اپنے بیان پر قوم اور افواجِ پاکستان سے معذرت کریں، شہدا کے لواحقین سے ملاقات کرکے ان کی قربانیوں کا احترام کریں، قومی اداروں پر تنقید سے قبل حقائق اور زمینی حالات کا ادراک حاصل کریں اور سیاسی اختلاف کو قومی سلامتی کے معاملات سے الگ رکھتے ہوئے ایسے بیانات سے گریز کریں جو دشمن کے بیانیے کو تقویت پہنچا سکتے ہوں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments