وزیر صحت کا ڈاکٹر زکیساتھ رویہ قابلِ مذمت :ڈاکٹر زاہد
ادارے کے سربراہ کی عوامی سطح پر تضحیک اور تحقیر کسی بھی صورت مناسب نہیں
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر صحت کا ڈاکٹروں کے ساتھ نامناسب رویہ قابلِ مذمت ہے ، ڈاکٹر برادری بھرپور احتجاج ریکارڈ کر ائے ۔پی ایم اے پنجاب کے سابق نائب صدر اور صدر ہسپتال ایسوسی ایشن گوجرانوالہ ڈاکٹر میاں زاہد محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال پسرور کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راحت ججہ کے ساتھ صوبائی وزیر صحت کا رویہ نہایت افسوسناک، غیر پیشہ ورانہ اور قابلِ مذمت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرکاری افسر یا ادارے کے سربراہ سے اختلاف یا احتساب کا ایک باقاعدہ اور مہذب طریقئہ کار ہوتا ہے جبکہ عوامی سطح پر تضحیک اور تحقیر کسی بھی صورت مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی جونیئر ملازم کی غلطی پر ہر مرتبہ ادارے کے سربراہ کو اسی انداز میں ذمہ دار ٹھہرایا جائے تو پھر پنجاب کے بیشتر سرکاری افسر بھی اسی معیار پر جواب دہ ہوں گے کیونکہ ہر بڑے ادارے میں انتظامی امور اور عملے کی نگرانی مشترکہ ذمہ داری ہوتی ہے ۔ڈاکٹر میاں زاہد محمود نے کہا کہ صحت کے شعبے میں موجود بنیادی مسائل، ناکافی سہولیات، عملے کی کمی اور وسائل کے فقدان پر توجہ دینے کے بجائے ڈاکٹروں کو ہدف بنانا مسائل کا حل نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments