بارش سے وال آف علی پور چٹھہ کی ٹف ٹائلز بہہ گئیں
گرلز کالج ہاسٹل کی دیوار کے ساتھ سیوریج نالے کوڈھانپ کر ٹف ٹائلز لگائی تھیں
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر)مون سون کی پہلی بارش نے وال آف علی پورچٹھہ منصوبے کی کارکردگی کا پول کھول دیا، ٹف ٹائلز بہہ گئیں، ناقص تعمیر پر شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ چند ماہ قبل گورنمنٹ گرلز کالج ہاسٹل کی دیوار کے ساتھ واقع سیوریج نالے کو سلیبوں سے ڈھانپ کر اس پر ٹف ٹائلز بچھائی گئی تھیں،منصوبے کی تکمیل کے بعد ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کے حکام نے موقع پر پہنچ کر تصاویر بنوائیں اور اسے شہر کی خوبصورتی اور ترقی کی علامت قرار دیا تاہم مون سون کی پہلی ہی بارش نے تعمیراتی معیار پر سوالیہ نشان لگا دیا جہاں متعدد مقامات پر ٹف ٹائلز بہہ گئیں ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منصوبے میں معیاری سیمنٹ، مناسب بیس اور انجینئرنگ اصولوں کے مطابق تعمیر کی جاتی تو پہلی ہی بارش میں اس کی یہ حالت نہ ہوتی ، ان کا الزام ہے کہ مبینہ طور پر ناقص میٹریل استعمال کیا گیا جس کے باعث ریت بہہ گئی اور ٹائلز اپنی جگہ برقرار نہ رہ سکیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی تشہیر اور فوٹو سیشن سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ معیاری اور دیرپا تعمیر ہی اصل خدمت ہے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ ، چیف سیکرٹری ، کمشنر ، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے کی شفاف اور تعمیراتی معیار کا تکنیکی آڈٹ کر ایا جائے اور ذمہ داروں کیخلاف کارروا ئی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments