کامونکے :سیم نالے کی صفائی نہ ہونے پر کسانوں کا احتجاج
پانی اوور فلو ہو کر دھان کی کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ
کامونکے (تحصیل رپورٹر )گوپی رائے ، بھانپور، کسوکی سمیت 6دیہات کے درجنوں ایکڑ زرعی رقبے میں سیم نالے کا پانی اوور فلو ہو کر داخل ہونے سے دھان کی کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ متاثرہ علاقوں کے کسانوں نے محکمہ انہار اور آبپاشی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے فوری نکاسی آب اور سیم نالہ کی صفائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ 10 سال سے سیم نالہ کی مناسب صفائی نہ ہونے کے باعث اس میں مٹی جمع ہو چکی ہے جس سے اس کی گہرائی کم ہو کر تقریباً تین فٹ رہ گئی ہے ، نالہ کی پانی گزرنے کی صلاحیت متاثر ہونے کے باعث بارشوں اور اضافی پانی کے دوران سیم نالہ اوور فلو ہو کر کھیتوں میں داخل ہو جاتا ہے ۔ کسانوں نے بتایا کہ موجودہ صورتحال میں دھان کی کھڑی فصلیں زیر آب آ رہی ہیں اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو لاکھوں روپے کا نقصان ہو سکتا ہے ۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سیم نالہ کی فوری صفائی، گہرائی کی بحالی اور مستقل بنیادوں پر نکاسی آب کا مؤثر نظام بنایا جائے تاکہ آئندہ فصلوں اور دیہات کو نقصان سے بچایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments