پٹرولیم قیمتوں کے روزانہ تعین کی پالیسی پر شدید تحفظات
حکومت ایسی پالیسی چاہتی ہے تو پٹرلیم سیکٹر مکمل ڈی ریگولیٹ کرے :قیصر انور
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کرنے کی پالیسی پر قانونی و عوامی حلقوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ماہر تعلیم و قانون قیصر انور بٹ ایڈووکیٹ اور نعمان قیصر ایڈووکیٹ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ پالیسی عوامی مفاد کے خلاف ہے اور اس سے مہنگائی، معاشی بے یقینی اور کاروباری مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ قیصر انور بٹ نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل سے ٹرانسپورٹ، اشیا خوردونوش، زراعت، صنعت اور روزمرہ استعمال کی تمام اشیا کی قیمتیں براہِ راست متاثر ہوں گی جبکہ کاروباری طبقے کیلئے روزانہ کاسٹنگ اور قیمتوں کا تعین انتہائی مشکل ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت واقعی روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا نظام نافذ کرنا چاہتی ہے تو پھر وزارتِ پٹرولیم اور اوگرا کے موجودہ کردار پر بھی نظرثانی کی جانی چاہیے ۔ ان کے مطابق ایسی صورت میں پٹرولیم سیکٹر کو مکمل طور پر ڈی ریگولیٹ کر دیا جائے تاکہ پٹرولیم کمپنیاں خود درآمد، قیمتوں کے تعین اور فروخت کی ذمہ دار ہوں جبکہ حکومت اور اوگرا اس عمل سے الگ رہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments