حافظ آباد:سیم نالے میں شگاف،کیمیکل زدہ پانی پھیل گیا
سینکڑوں ایکڑ پر دھان کی فصل زیرِ آب،پانی گھروں اور باڑوں میں بھی داخل
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )نواحی گاؤں مدن پھلہ اور تحصیل نوشہرہ ورکاں کے سرحدی علاقے بھگا گاؤں کے قریب واقع سیم نالہ حالیہ مون سون بارشوں کے بعد مقامی آبادی کیلئے مشکلات اور خطرات کا باعث بن گیا۔ اہلِ علاقہ کے مطابق اس نالے میں مختلف فیکٹریوں کا آلودہ اور کیمیائی فضلہ شامل ہوتا ہے جو پہلے ہی زرعی اراضی اور ماحول کیلئے نقصان دہ ہے ۔ حالیہ موسلادھار بارشوں کے دوران نالے میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے سے متعدد مقامات پر شگاف پڑ گئے جس کے نتیجے میں آلودہ پانی اردگرد کے علاقوں میں پھیل گیا۔شگاف پڑنے سے سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی دھان کی فصل زیرِ آب آ گئی اور کاشتکاروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ آلودہ پانی متعدد گھروں، حویلیوں اور مویشیوں کے باڑوں میں بھی داخل ہو گیا جس سے دیہاتی شدید پریشانی، خوف اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ یہ صرف فصلوں کے نقصان کا معاملہ نہیں بلکہ سینکڑوں خاندانوں کے روزگار، معاشی استحکام اور مستقبل کا مسئلہ ہے ،نالے کے تمام شگاف فوری طور پر بند کیے جائیں، مضبوط حفاظتی بند تعمیر کیے جائیں، پانی کی نکاسی کا مؤثر انتظام کیا جائے اور متاثرہ کسانوں کے نقصانات کا سروے کر کے انہیں مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے ۔پریس کلب کے سابق صدر و چیئرمین رانا ارشد انجم اور جملہ اہلِ دیہہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق سے اپیل کی ہے کہ وہ سنگین عوامی مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں، ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments