ایل پی جی 450روپے کلو فروخت ، انتظامیہ بے بس
سمبڑیال اور گردونواح میں ناجائز منافع خور سرکاری نرخوں کی دھجیاں اڑانے لگے
سمبڑیال (سٹی رپورٹر )شہر اور نواح میں ایل پی جی 450روپے کلو فروخت ہونے لگی، مقامی انتظامیہ کی تمام تر کار کردگی فوٹو سیشن تک محدود ہو کر رہ گئی۔ مقامی انتظامیہ اور پیرا فورس کی ناکامی کے باعث سمبڑیال اورگردونواح میں ایل پی جی سرکاری نرخوں پر فروخت کرانے کے تمام دعوے بے معنی ثابت ہو گئے ، ایل پی جی 450 روپے فی کلو گرام تک فروخت ہو رہی ہے جس سے مہنگائی کے ستائے ہوئے شہری دوہرے عذاب کا شکار ہیں۔ منافع خور عناصر کھلے عام سرکاری نرخوں کی دھجیاں اڑا رہے ہیں جبکہ متعلقہ افسر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مقامی انتظامیہ کی تمام تر کار کردگی صرف فوٹوسیشن، نمائشی چھاپوں اور کاغذی کارروائیوں تک محدود ہوکر رہ گئی ہے جبکہ عملی طور پر ناجائز منافع خوروں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا گیا تو عوام کا انتظامیہ پر اعتماد مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ ،کمشنر گوجرانوالہ محمد علی، ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ اویس مشتاق اوراسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments