نوشہرہ ورکاں:سیلابی صورتحال، سینکڑوں ایکڑ فصلیں زیر آب
سیم نالوں کی صفائی نہ ہونے اور پانی کی قدرتی گزرگاہوں کی بندش سے نقصان
نوشہرہ ورکاں (نمائندہ دنیا )بارشوں سے نوشہرہ ورکاں میں سیلابی صورتحال، سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی زیر آب، کاشتکاروں کا اربوں روپے نقصان ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ مسلسل بارشوں کے باعث تحصیل نوشہرہ ورکاں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی جس کے نتیجے میں سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آ گئی ۔مقامی شہریوں کے مطابق اس نوعیت کی صورتحال گزشتہ کئی دہائیوں میں دیکھنے میں نہیں آئی، سیلابی صورتحال کی بڑی وجہ سیم نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونے اور پانی کی قدرتی گزرگاہوں کی بندش ہے جس کے باعث بارش کا پانی وسیع علاقوں میں جمع ہو گیا جس سے کھیتوں میں کھڑی دھان، سبزیوں، چارہ جات، بھوسے اور زرعی موٹروں کو شدید نقصان پہنچا ، اس صورتحال کے باعث کاشتکاروں کو اربوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اہلیان نوشہرہ ورکاں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسر وں سے مطالبہ کیا ہے کہ سیم نالوں کی بروقت صفائی نہ کرانے کے ذمہ دار افسر وں کے خلاف کارروائی کی جائے پانی کی نکاسی کے لئے فوری اور موثر اقدامات کئے جائیں اور متاثرہ علاقوں میں فصلوں کے نقصانات کا ہنگامی سروے کروا کر کاشتکاروں کو مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے تاکہ ان کے نقصانات کا ازالہ ہو سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments