ڈپٹی کمشنر کا شہر بھر کا دورہ‘ نکاسی آب‘ صفائی آپریشن کا جائزہ
گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال بھی پہنچ گئے ،طبی سہولیات،ادویات یقینی بنانیکی ہدایت
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر،سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کا علی الصبح شہر بھر کا اچانک دورہ، بارش کے بعد نکاسیٔ آب اور صفائی آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا۔شمسی چوک انڈر پاس، پونڈاں والہ چوک، شیرانوالہ باغ، پسرور روڈ، شیخوپورہ روڈ، بنک والا گلہ، مکی روڈ اور چندا قلعہ چوک سمیت مختلف مقامات کا دورہ کیا اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کیں۔ شمسی چوک انڈر پاس پر نکاسیٔ آب کا عمل مکمل ہونے پر اسے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھولنے کے احکامات جاری کیے ۔ کمشنر نے چندا قلعہ چوک کا بھی دورہ کیا ،جی ٹی روڈ سے ملحقہ علاقوں میں نکاسیٔ آب ، صفائی اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔شیخوپورہ روڈ، بنک والا گلہ میں جاری نکاسیٔ آب آپریشن کا جائزہ لیتے کہابنک والا گلہ میں بھی نکاسیٔ آب کا عمل تکمیلی مراحل میں ہے ۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے مکی روڈ پر واسا ڈرین اور سیوریج نالے کا معائنہ کیا اور ڈیسلٹنگ کے جاری کام کا جائزہ لیا۔ اور نکاسیٔ آب کو مستقل بنیادوں پر مؤثر رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا بھی اچانک دورہ کیا۔ مریضوں کو طبی سہولیات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا اورہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہر مریض کو بروقت، معیاری اور بلاامتیاز طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ ہسپتالوں میں صفائی، ادویات کی مسلسل دستیابی، ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری اور طبی آلات کی مکمل فعالیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments