گندھارا تہذیب کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہے،اورنگزیب کچھی
باہمی تعاون اور بھرپور جذبے کیساتھ منصوبے کے اہداف کے حصول کیلئے کوشش کی جائے
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے وزیر اعظم پاکستان کی منظوری سے تشکیل دی گئی گندھارا، بدھ مت کا گہوارہ (GCOB)حکمتِ عملی سے متعلق ٹاسک فورس کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کی۔ اس حکمتِ عملی کا مقصد پاکستان کے عظیم گندھارا ورثے کے تحفظ، فروغ اور دنیا بھر میں اس کی مؤثر ترویج کو یقینی بنانا ہے۔ گندھارا حکمتِ عملی پر عملدرآمد کیلئے ایک جامع لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان کو گندھارا تہذیب کے حقیقی محافظ اور بدھ ورثے کے عالمی مرکز کے طور پر اجاگر کرنا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان گندھارا تہذیب کے تحفظ اور فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں ٹاسک فورس کا یہ افتتاحی اجلاس وزیر اعظم کی ہدایت پر منعقد کیا گیا ہے اور وزیراعظم خود ہر ماہ گندھارا حکمتِ عملی پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں پر زور دیا کہ وہ باہمی تعاون اور بھرپور جذبے کے ساتھ اس قومی منصوبے کے اہداف کے حصول کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے سپرد کردہ امور جلد مکمل کریں۔ کیونکہ حکمتِ عملی کے متعدد پہلو ان کی سفارشات کی روشنی میں تشکیل دیئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس سے قبل اپنی ذمہ داریاں مکمل کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments